ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں نقد ادائیگی کا نظام ختم، فیس صرف ڈیجیٹل طریقے سے وصول ہوگی
اسلام آباد( اباسین خبر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں نقد ادائیگی کا نظام ختم کر دیا گیا ہے اور اب پاسپورٹ فیس صرف ڈیجیٹل طریقے سے ادا کی جا سکے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ اس اقدام سے شہریوں کو طویل قطاروں اور گھنٹوں انتظار کی زحمت سے نجات ملے گی، جبکہ پاسپورٹ کے حصول کا عمل مزید آسان اور مؤثر ہو جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاسپورٹ دفاتر میں اصلاحات کا نفاذ مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے تحت کیش لیس نظام متعارف کرایا گیا ہے۔وزیر داخلہ کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام سے پاسپورٹ سروسز مزید تیز، شفاف اور سہل ہوں گی۔محسن نقوی نے اس موقع پر ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کے کامیاب نفاذ پر پاسپورٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔