بھارت میں مسلم خواتین آن لائن ہراسانی اور اے آئی کے غلط استعمال کا انکشاف
دوحہ/نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی نشریاتی ادارے الجزیرہ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت میں مسلم خواتین کے خلاف آن لائن نفرت انگیز رویوں اور ہراسانی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو بعض مقامات پر غلط اور منفی انداز میں استعمال کیے جانے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ہندوتوا نظریات سے وابستہ بعض آن لائن حلقوں میں مسلم خواتین کو نشانہ بنانے کے لیے نفرت انگیز مہمات جاری رہنے کا الزام ہے، جن میں گمراہ کن اور توہین آمیز مواد بھی شامل بتایا جاتا ہے۔الجزیرہ کے مطابق بعض کیسز میں اے آئی ٹولز کے ذریعے مسلم خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز کو مبینہ طور پر تبدیل کر کے غلط اور نازیبا مواد کی صورت میں پیش کیا گیا، جس سے آن لائن ہراسگی اور پروپیگنڈا کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ رجحان ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر خواتین کے تحفظ اور مصنوعی ذہانت کے اخلاقی استعمال سے متعلق سوالات کو بھی اجاگر کرتا ہے۔