لاپتا افراد کی 15 ہزار فہرست میں 14 ہزار کا ریکارڈ نہیں، ضیا لانگو

لاپتا افراد کی 15 ہزار فہرست میں 14 ہزار کا ریکارڈ نہیں، ضیا لانگو

Aug 10, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ ( اباسین خبر) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ سردار اختر مینگل کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی تقریباً 15 ہزار لاپتا افراد کی فہرست کی سرکاری سطح پر جانچ پڑتال کے دوران قریب 14 ہزار افراد کا قابلِ تصدیق ریکارڈ دستیاب نہیں ہوسکا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے میر ضیا اللہ لانگو نے بتایا کہ فہرست میں بڑی تعداد میں ایسے افراد کے صرف نام درج تھے، جبکہ شناختی کارڈ نمبر، رہائشی پتا، خاندانی تفصیلات اور دیگر ضروری کوائف موجود نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی فرد کو لاپتا قرار دینے کے لیے محض نام کافی نہیں، بلکہ مکمل شناختی معلومات ضروری ہیں تاکہ متعلقہ ادارے معاملے کی تحقیقات کرکے اصل صورتحال معلوم کرسکیں۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے فہرست کی تحقیقات اور دستیاب ریکارڈ کی پڑتال کی، تاہم تقریباً 14 ہزار ناموں کے حوالے سے ایسا کوئی مستند ڈیٹا نہیں ملا جس سے دعوے کی تصدیق ہوسکے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ غیرمصدقہ فہرستیں اور اعداد و شمار عوام میں بے چینی اور غلط فہمی کا سبب بنتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاپتا افراد کا معاملہ انتہائی حساس ہے، اس پر سیاست کے بجائے حقائق اور شواہد کی بنیاد پر گفتگو ہونی چاہیے۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ کسی شخص کے لاپتا ہونے کا دعویٰ ہو تو اس کی مکمل شناخت اور دیگر ضروری معلومات متعلقہ اداروں کو فراہم کی جائیں تاکہ کیس کی سنجیدگی سے تحقیقات ممکن ہوسکیں۔ حکومت بلوچستان اس معاملے کو نظرانداز نہیں کررہی بلکہ تمام کیسز کو قانون اور دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں دیکھا جارہا ہے۔