طالبان حکومت کو تاحال کسی ملک کی باضابطہ حمایت حاصل نہیں: رپورٹ

طالبان حکومت کو تاحال کسی ملک کی باضابطہ حمایت حاصل نہیں: رپورٹ

Aug 1, 2026|ویب ڈیسک

کابل( مانیٹرنگ ڈیسک) انتہاپسندانہ پالیسیوں اور انسانی حقوق سے متعلق خدشات کے باعث دنیا کے کسی بھی ملک نے اب تک طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا۔عالمی جریدے دی ڈپلومیٹ کے مطابق 2021 میں افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد واشنگٹن نے طالبان حکومت کو جائز حکومت کے طور پر تسلیم نہیں کیا، جبکہ 31 اگست 2021 سے کابل میں امریکی سفارتخانے کی تمام سفارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکی پالیسی سازوں نے افغانستان کو اپنی ترجیحات میں نمایاں مقام نہیں دیا اور اسے ایک ناکام ریاست کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔جریدے کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے 2025 کے وسط سے افغانستان کے لیے امریکی امداد روک رکھی ہے، جبکہ افغان شہریوں کے لیے خصوصی امیگرنٹ ویزوں سمیت دیگر ویزا سہولیات بھی معطل کر دی گئی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے طالبان کی جانب سے امریکی شہریوں کی گرفتاریوں کو یرغمال سفارت کاری قرار دیا، تاہم افغانستان کو واشنگٹن کی قومی سلامتی حکمت عملی 2025 اور قومی دفاعی حکمت عملی 2026 میں شامل نہیں کیا گیا۔اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے کہا ہے کہ امریکا ایسے گروہ کے ساتھ قابل اعتماد تعلقات قائم نہیں کر سکتا جو بے گناہ امریکی شہریوں کو قید رکھے اور افغان عوام کے مسائل کو نظر انداز کرے۔