امریکا ایران کشیدگی، آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے نئی سفارتی کوششیں شروع

امریکا ایران کشیدگی، آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے نئی سفارتی کوششیں شروع

Aug 3, 2026|ویب ڈیسک

تل ابیب( مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ثالثی کرنے والے ممالک امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے، مفاہمتی عمل بحال کرنے اور آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت دوبارہ شروع کرنے کے لیے نئی سفارتی کوششیں کر رہے ہیں۔اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ زیرِ غور تجویز میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی بحالی اور آبنائے ہرمز کو 60 روز کے لیے تجارتی جہازوں کے لیے بغیر فیس کھولنے کا منصوبہ شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی، عالمی بحری تجارت کی بحالی اور توانائی کی سپلائی کو درپیش خدشات کا خاتمہ ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارتی کوششوں میں علاقائی اور عالمی فریق شامل ہیں، تاہم امریکا اور ایران کی جانب سے اس تجویز پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر دونوں ممالک کسی معاہدے پر متفق ہو جاتے ہیں تو آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل اور گیس کی ترسیل معمول پر آنے میں مدد مل سکتی ہے، جس کے عالمی توانائی بازار اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شامل ہے، جہاں پیدا ہونے والی کشیدگی عالمی تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت کو براہِ راست متاثر کر سکتی ہے۔