قومی اسمبلی نے 482 ارب روپے کی ضمنی گرانٹس منظور کر لیں

قومی اسمبلی نے 482 ارب روپے کی ضمنی گرانٹس منظور کر لیں

Jun 24, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( اباسین خبر) قومی اسمبلی نے مختلف وزارتوں، ڈویژنوں اور سرکاری محکموں کے لیے مجموعی طور پر 482 ارب روپے کی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ سے متعلق مختلف دستاویزات ایوان میں پیش کیں، جن میں مالی سال 2026-27 کے منظور شدہ اخراجات، 2024-25 اور 2025-26 کے ضمنی اخراجات، 2016-17 سے 2024-25 تک کے متجاوز اخراجات اور آڈٹ رپورٹس برائے 2025-26 شامل تھیں۔وزیر خزانہ نے ایف بی آر ترمیمی بل 2026 بھی قومی اسمبلی میں پیش کیا، جسے ایوان نے منظور کر لیا۔اجلاس کے دوران مالی سال 2024-25 کے لیے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کی ضمنی گرانٹس کی منظوری کا عمل مکمل کیا گیا۔منظور شدہ مطالباتِ زر میں ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کے لیے 6 کروڑ 48 لاکھ روپے، کابینہ ڈویژن کے لیے 30 کروڑ روپے، کامرس ڈویژن کے لیے 5 ارب 61 کروڑ روپے، دفاعی ڈویژن کے لیے ایک ارب 25 کروڑ 20 لاکھ روپے اور دفاعی خدمات کے لیے 22 ارب 84 کروڑ روپے شامل ہیں۔اسی طرح وفاقی تعلیمی ادارہ جات گیریژن کے لیے ایک ارب 43 کروڑ 63 لاکھ روپے، پاور ڈویژن کے لیے 43 ارب 10 کروڑ 60 لاکھ روپے اور وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈویژن کے لیے 25 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، جبکہ گرانٹس، سبسڈیز اور دیگر متفرق اخراجات کے لیے 37 ارب 89 کروڑ 27 لاکھ روپے بھی منظور کیے گئے۔