مودی سرکار راہول گاندھی کے احتجاج پر جھک گئی، زخمی طالب علم کی ایف آئی آر درج
نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں 20 جولائی کو پارلیمنٹ کی جانب احتجاجی مارچ کے دوران پیلٹ گن کے چھروں سے زخمی ہونے والے 19 سالہ طالب علم ساحل لوچاب کی شکایت پر پولیس نے بالآخر مقدمہ درج کرلیا۔ساحل کو مبینہ طور پر پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے چلائے گئے پیلٹ لگے تھے، جس سے اس کی آنکھ شدید متاثر ہوئی۔ اسے پہلے لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج اور بعد ازاں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا، جہاں اس کی آنکھ کا آپریشن کیا گیا، تاہم ایک آنکھ کی بینائی اب بھی متاثر ہے۔طالب علم کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کی کوشش ناکام ہونے پر کانگریس رہنما اور قائد حزب اختلاف راہول گاندھی پولیس تھانے کے باہر احتجاجاً بیٹھ گئے تھے۔ اس دوران پولیس کی جانب سے راہول گاندھی سے مبینہ بدسلوکی اور تشدد کے باوجود احتجاج جاری رہا۔بالآخر دہلی پولیس نے ساحل لوچاب کو پیلٹ گن سے زخمی کیے جانے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔