جمرود حملہ، شہید پولیس اہلکار شمال خان شلمانی سپرد خاک

جمرود حملہ، شہید پولیس اہلکار شمال خان شلمانی سپرد خاک

Aug 24, 2026|ویب ڈیسک

 پشاور( اباسین خبر)ضلع خیبر میں جمرود چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار شمال خان شلمانی کی نماز جنازہ پولیس لائنز خیبر میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔دہشت گردوں نے تختہ بیگ زرمت خان شہید جوائنٹ چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا تھا، جہاں شمال خان شلمانی نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔نماز جنازہ میں سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد، ڈی پی او خیبر وقار احمد، ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی، کمانڈنٹ باڑہ رائفل عامر توصیف سمیت پولیس افسران، اہلکاروں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی جبکہ پولیس افسران نے جسد خاکی پر پھول رکھ کر خراج عقیدت پیش کیا۔سی سی پی او پشاور نے کہا کہ شمال خان شلمانی فرض شناس، خوش اخلاق اور بہادر اہلکار تھے، جنہوں نے دہشت گردوں کے حملے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس اپنے بہادر شہداء پر فخر کرتی ہے اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہلکاروں کی قربانیاں قوم کے لیے مشعل راہ ہیں۔