مکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، اردوان

مکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، اردوان

Aug 8, 2026|ویب ڈیسک

مکہ مکرمہ( مانیٹرنگ ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والا مکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن، استحکام اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔اپنے بیان میں رجب طیب اردوان نے کہا کہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر مکہ مکرمہ پہنچے، جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی۔ترک صدر کے مطابق ملاقات کے دوران تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے، جس کا مقصد اجتماعی دفاعی صلاحیت میں اضافہ، دفاعی صنعت میں مشترکہ منصوبوں کا فروغ اور دہشتگردی کے خلاف تعاون کو مزید مؤثر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاہدہ اقوام متحدہ کے منشور کی دفعہ 51 میں تسلیم شدہ حقِ دفاع کی بھی توثیق کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے خواہاں تمام برادر ممالک کے لیے کھلا ہے۔رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ تنازعات اور بحرانوں کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر مبنی اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گا۔انہوں نے دعا کی کہ مکہ دفاعی معاہدہ پورے خطے کے لیے خیر، برکت، امن اور استحکام کا ذریعہ بنے۔