راولپنڈی(اباسین خبر)راولپنڈی میں ریلوے پولیس نے قبضہ مافیا کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے گڈز اپروچ روڈ پر گرینڈ انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی اراضی واگزار کرا لی۔ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ریلوے پولیس اور انجینئرنگ ٹیم نے مشترکہ طور پر آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں تقریباً بارہ کروڑ روپے مالیت کی زمین خالی کرائی گئی۔ اس دوران پندرہ پختہ تجاوزات سمیت متعدد کمرشل دکانیں مسمار کر دی گئیں، جبکہ رہائشی اور کمرشل نوعیت کی غیر قانونی تعمیرات کا مکمل خاتمہ کیا گیا۔حکام کے مطابق اس کارروائی کے نتیجے میں تقریباً دو کنال قیمتی کمرشل زمین واگزار کرائی گئی ہے، جسے دوبارہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ریلوے پولیس کے افسر محمد وصال فخر سلطان راجہ نے قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ریلوے پولیس تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ریلوے پولیس کا بڑا آپریشن، کروڑوں کی زمین واگزار، تجاوزات مسمار
2 گھنٹے قبل