کرم میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، تین روز سے فراہمی معطل
پشاور( اباسین خبر) خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں شدید بارشوں اور آندھی کے باعث ضلع کرم میں بجلی کا بڑا تعطل پیدا ہوگیا، جہاں 132 کلو وولٹ ترسیلی ٹاور گرنے سے تین روز سے بجلی کی فراہمی بند ہے۔طوفانی موسم کے دوران 132 کلو وولٹ مرکزی ترسیلی لائن کا ٹاور گرنے سے ضلع بھر میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔رپورٹ کے مطابق عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں مختلف علاقوں میں محافل جاری ہیں، تاہم طویل بجلی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔ بجلی نہ ہونے کے باعث ٹیوب ویل بھی بند پڑے ہیں اور لوگوں کو پینے کے پانی کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے۔ٹیسکو حکام کے مطابق متاثرہ ٹاور کی تنصیب اور مرمت کا کام آج شروع کیے جانے کا امکان ہے، تاہم بجلی کی مکمل بحالی میں کئی روز لگ سکتے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹاور کی مرمت اور بجلی کی بحالی کا کام تیز کیا جائے تاکہ معمولات زندگی جلد بحال ہوسکیں۔