خیبرپختونخوا میں 83 مطلوب دہشت گردوں کی انعامی فہرست جاری

خیبرپختونخوا میں 83 مطلوب دہشت گردوں کی انعامی فہرست جاری

Jul 27, 2026|ویب ڈیسک

پشاور (اباسین خبر)خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردی کے واقعات میں مطلوب 83 دہشت گردوں کی انعامی فہرست جاری کر دی ہے۔ فہرست میں صوبے کے مختلف اضلاع، بالخصوص جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب افراد شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق مطلوب افراد کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان، کلاچی، کھوئی بہارہ غربی، کڑی احمد شاہ، درازندہ، درابن، زرمک، پروآ، کراچی اور دیگر علاقوں سے بتایا گیا ہے۔حکومت کی جانب سے جاری فہرست میں بعض انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری یا قابلِ اعتماد اطلاع فراہم کرنے پر ایک کروڑ روپے، 90 لاکھ، 70 لاکھ، 60 لاکھ اور 40 لاکھ روپے تک کے انعامات مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ دیگر مطلوب افراد کے لیے بھی مختلف مالیت کے انعامات رکھے گئے ہیں۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردوں اور فتنہ الخوارج سے منسلک مشتبہ سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی مطلوب شخص کے بارے میں مصدقہ معلومات متعلقہ سکیورٹی اداروں کو فراہم کریں۔حکومت کا کہنا ہے کہ معلومات فراہم کرنے والے افراد کو مقررہ مالی انعام دیا جائے گا اور ان کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔واضح رہے کہ جنوبی اور ضم شدہ اضلاع میں حالیہ عرصے کے دوران دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد واقعات کے بعد سکیورٹی اداروں نے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔