ریاست اور عوام میں اعتماد کیلئے انصاف اور یکساں قانون ضروری ہے، اسلم رئیسانی

ریاست اور عوام میں اعتماد کیلئے انصاف اور یکساں قانون ضروری ہے، اسلم رئیسانی

Aug 20, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( اباسین خبر) چیف آف ساراوان اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ عمران خان کے معاملے میں ریاست کی جانب سے اعتماد کی بحالی کی کوشش محسوس ہوتی ہے، اسی طرح بلوچ لاپتہ افراد، بلوچ یکجہتی کمیٹی اور پشتون تحفظ موومنٹ سے وابستہ زیرِ حراست افراد کے معاملات میں بھی اعتماد سازی، انصاف اور قانون کے یکساں نفاذ کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ ریاست اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد ہی دیرپا استحکام کی بنیادی ضمانت ہے۔ عوام کا ریاست پر اعتماد بحال کرنے کے لیے انصاف کی فراہمی، قانون کی بالادستی اور تمام شہریوں کے ساتھ مساوی برتاؤ ضروری ہے۔ایک اور بیان میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے عالمی یومِ انسانیت کے موقع پر کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں کو اس حقیقت کو تسلیم کرنا چاہیے کہ پاکستان ایک کثیرالقومی ریاست ہے، جہاں مختلف اقوام کی اپنی تاریخ، ثقافت، زبان اور سرزمین ہے، جو اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتیں ہیں۔