دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی ناگزیر، گورنر خیبرپختونخوا کا ان کیمرہ اجلاس کا مطالبہ

دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی ناگزیر، گورنر خیبرپختونخوا کا ان کیمرہ اجلاس کا مطالبہ

Aug 5, 2026|ویب ڈیسک

سوات( اباسین خبر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز طویل عرصے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں، تاہم انہیں جدید ہتھیاروں اور ضروری وسائل سے مکمل طور پر لیس نہیں کیا جا سکا۔سوات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کی موجودہ صورتحال پر صوبائی اسمبلی کا ان کیمرہ اجلاس طلب کیا جائے تاکہ تمام اہم معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاق اور صوبے کو مل کر کام کرنا ہوگا، جبکہ تمام سیاسی جماعتیں اس مسئلے کے خلاف متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو سرحد پار سے معاونت حاصل ہے اور اس حوالے سے افغانستان کی حکومت کو متعدد بار آگاہ کیا گیا، تاہم اب تک کوئی مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ مساجد، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات کو نشانہ بنانا اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد عناصر کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے، جبکہ امن کے قیام کے لیے تمام ریاستی اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔