ایران اور امریکا کے ٹیکنیکل مذاکرات آئندہ ہفتے دوبارہ ہوں گے، دفتر خارجہ

ایران اور امریکا کے ٹیکنیکل مذاکرات آئندہ ہفتے دوبارہ ہوں گے، دفتر خارجہ

Jun 24, 2026|ویب ڈیسک

 اسلام آباد( اباسین خبر)دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ٹیکنیکل سطح کے مذاکرات آئندہ ہفتے دوبارہ شروع ہوں گے، جن میں پاکستان کا وفد بھی شریک ہوگا۔ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مذاکراتی عمل کا جاری رہنا بذاتِ خود ایک مثبت پیش رفت ہے اور پاکستان ہمیشہ بات چیت اور سفارتی حل پر یقین رکھتا ہے۔ترجمان کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے وزیراعظم، آرمی چیف اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ایران پر اقتصادی پابندیوں میں نرمی یا خاتمے کے بعد پاک ایران تجارتی اور معاشی تعاون کے نئے امکانات بھی زیر غور آئے، جبکہ گیس پائپ لائن منصوبے سمیت مختلف معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی بات چیت میں پاکستان اور قطر نے ثالثی کا کردار ادا کیا، جبکہ دونوں ممالک کی تکنیکی ٹیمیں مزید پیش رفت کے لیے رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس کردار پر عالمی سطح پر پذیرائی اور حمایت حاصل ہوئی ہے، جبکہ پاکستانی میڈیا نے بھی ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور اعتماد سازی میں اہم کردار ادا کیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان اور ڈنمارک کی حمایت سے اقوام متحدہ میں امن دستوں کے تحفظ سے متعلق قرارداد منظور ہوئی، جسے 153 ممالک کی حمایت حاصل رہی۔صومالی قزاقوں کے قبضے میں موجود پاکستانی عملے اور جہاز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھ رہی ہے اور مختلف اداروں اور تنظیموں کے تعاون سے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔