ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے امریکا کے سامنے مطالبات رکھ دیے
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکا کے سامنے مطالبات کی فہرست پیش کردی ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یہ فہرست ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور مرکزی مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے امریکا کے حوالے کی ہے۔باقر قالیباف نے امریکا سے ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ کی تمام شرائط پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ بھی کیا، جس کی مدت گزشتہ روز ختم ہوگئی۔مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا اور ایران لبنان سمیت مختلف محاذوں پر فوجی کارروائیاں روکنے پر رضامند ہوئے تھے، جبکہ ایران نے ایٹمی ہتھیار حاصل یا تیار کرنے کے حق سے دستبرداری پر اتفاق کیا تھا۔یادداشت کے مطابق امریکا نے ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے جبکہ ایران نے آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔اس معاہدے کے تحت امریکا نے ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرنے، ملک کی تعمیر نو کا منصوبہ شروع کرنے اور ایرانی منجمد فنڈز بحال کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی۔