آبنائے ہرمز میں مشترکہ بحری راستے پر ایران اور عمان کے مذاکرات جاری

آبنائے ہرمز میں مشترکہ بحری راستے پر ایران اور عمان کے مذاکرات جاری

Aug 4, 2026|ویب ڈیسک

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے تصدیق کی ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو محفوظ اور مؤثر بنانے کے لیے عمان کے ساتھ مشترکہ دوطرفہ بحری راہداری کے قیام پر بات چیت جاری ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ مذاکرات کا مقصد آبنائے ہرمز میں موجود شمالی اور جنوبی بحری راستوں کے بجائے ایک مشترکہ درمیانی راستہ قائم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ بحری راہداری میں ایران اور عمان دونوں کے مفادات اور سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھا جائے گا، جبکہ اس معاملے میں کسی تیسرے ملک کو شامل نہیں کیا گیا۔ایرانی ترجمان کے مطابق بات چیت صرف تہران اور مسقط کے درمیان جاری ہے، تاہم عمان کی وزارت خارجہ کی جانب سے تاحال مذاکرات کی باضابطہ تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک کسی معاہدے پر پہنچ جاتے ہیں تو آبنائے ہرمز کے ذریعے عالمی بحری تجارت، تیل اور گیس کی ترسیل میں بہتری آ سکتی ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین توانائی گزرگاہوں میں شامل ہے جہاں سے خام تیل اور قدرتی گیس کی بڑی مقدار عالمی منڈیوں تک پہنچائی جاتی ہے، اس لیے یہاں ہونے والی ہر پیش رفت عالمی توانائی کے نظام کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔