آبنائے ہرمز کے قریب امریکی جہاز کو وارننگ، ایران کا بڑا دعویٰ

2 دن قبل
آبنائے ہرمز کے قریب امریکی جہاز کو وارننگ، ایران کا بڑا دعویٰ

تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب ایک امریکی بحری جہاز کو واپس مڑنے کی وارننگ دی گئی، جس کی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی ہے۔ایرانی حکام کے مطابق جاری کردہ ویڈیو میں واضح طور پر سنا جا سکتا ہے کہ جہاز کے عملے کو آخری وارننگ دی جا رہی ہے کہ راستہ تبدیل نہ کرنے کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے بعد امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی ممکنہ اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب کسی بھی غیر مجاز فوجی جہاز کی موجودگی کو جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایرانی حکام کے مطابق اس اہم سمندری گزرگاہ پر مکمل کنٹرول ایرانی بحریہ اور پاسدارانِ انقلاب کے پاس ہے جہاں جدید نظام کے تحت نگرانی اور انتظامی اقدامات نافذ کیے جا چکے ہیں۔