قومی اسمبلی میں شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان دلچسپ مکالمہ
اسلام آباد( اباسین خبر)قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ دیکھنے میں آیا۔مولانا فضل الرحمٰن کی تقریر کے دوران وزیراعظم ایوان میں پہنچے اور اپوزیشن بینچوں پر جا کر محمود خان اچکزئی، مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر رہنماؤں سے مصافحہ کیا، جبکہ بلاول بھٹو زرداری بھی وزیراعظم سے ملاقات کے لیے ان کی نشست تک گئے۔اپنے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن نے ماضی کی سیاسی تقاریر کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا نواز شریف جلسوں میں فوج اور اس کی قیادت پر تنقید نہیں کرتے تھے اور کیا وہ فوج کو محکمہ زراعت نہیں کہا کرتے تھے؟مولانا کی گفتگو کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اپنی نشست پر کھڑے ہوئے اور کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ہم سب کے لیے قابل احترام شخصیت ہیں اور ان کے ساتھ ان کے انتہائی اچھے تعلقات ہیں۔ وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر مولانا صاحب کی قدم بوسی کے لیے بھی حاضر ہوتے ہیں۔