ماحولیاتی کارکردگی میں بھارت بدترین ممالک میں شامل
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی ماحولیاتی کارکردگی سے متعلق تازہ رپورٹ نے بھارت کے ماحول اور عوامی صحت سے وابستہ چیلنجز کو نمایاں کر دیا ہے، جس سے ملک کی ماحولیاتی صورتحال پر سنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیں۔امریکا کی معروف جامعات کولمبیا اور ییل کے ماہرین کی جانب سے ہر دو سال بعد جاری کیے جانے والے گلوبل انوائرمنٹل انڈیکس میں 177 ممالک کا قدرتی ماحول، صفائی، صاف پانی کی دستیابی، آبی وسائل، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج، جنگلات کے تحفظ اور کچرے کے انتظام جیسے شعبوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔حال ہی میں جاری ہونے والی 2026ء کی رپورٹ میں یورپی ملک اسٹونیا پہلی پوزیشن پر رہا، جبکہ بھارت کو فہرست کے آخری ممالک میں شامل کیا گیا، جہاں صرف لاؤس کی درجہ بندی اس سے نیچے رہی۔رپورٹ کے مطابق بھارت کو کم درجہ ملنے کی وجہ ماحولیاتی آلودگی، قدرتی وسائل پر بڑھتا دباؤ اور عوامی صحت سے متعلق مسائل ہیں، جو ملک کے ماحول کو تیزی سے متاثر کر رہے ہیں۔