بلوچستان کے طلبہ کیلئے اعلیٰ تعلیم کے مواقع روشن ہیں: سرفراز بگٹی
گوادر( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مختلف صوبوں کی جامعات میں اسکالرشپ پر اعلیٰ تعلیم کے لیے منتخب بلوچستان کے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی، جس میں ترقیاتی منصوبوں، حکومتی امور، تعلیم اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران طلبہ و طالبات نے وزیراعلیٰ سے مختلف امور پر سوالات کیے، جن کے انہوں نے تفصیلی جوابات دیے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے میرٹ کی بنیاد پر طلبہ و طالبات کا اعلیٰ تعلیم کے لیے انتخاب ان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ ان کے مطابق اسکالرشپ حاصل کرنے والے زیادہ تر طلبہ کا تعلق غریب اور متوسط طبقے سے ہے، اس لیے ملک کی بہترین جامعات میں تعلیم کا موقع ان کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مختلف شعبوں میں ملک کی اعلیٰ جامعات سے بلوچستان کے نوجوانوں کا تعلیم حاصل کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کو جامعات میں داخلے کے علاوہ ٹیوشن اور ہاسٹل فیس کی مد میں معاونت فراہم کرنے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اہلِ بلوچستان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے طلبہ و طالبات کو ہدایت کی کہ دیگر صوبوں کی جامعات میں تعلیم کے دوران نظم و ضبط، محنت اور میرٹ کو اپنا اصول بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان جہاں بھی جائیں، اپنی قابلیت اور مثبت کردار کے ذریعے پاکستانیت کا پیغام اجاگر کریں کیونکہ وہ بلوچستان اور پاکستان کے سفیر ہیں۔