بھارت میں شدید بارشوں اور سیلاب سے تباہی، 10 افراد جاں بحق
نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں شدید بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے باعث دارالحکومت نئی دہلی سمیت کئی ریاستوں کے مختلف علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ 10 افراد جان کی بازی ہار گئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلسل ہونے والی موسلادھار بارشوں نے کئی ریاستوں میں معمولاتِ زندگی کو متاثر کر دیا ہے، جبکہ نئی دہلی کے متعدد علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔رپورٹس کے مطابق دارالحکومت کی کئی اہم سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں اور تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، جس کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔دوسری جانب ریاست آسام میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے، جہاں 600 سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ سیلابی پانی کے باعث گھروں، دکانوں اور زرعی زمینوں کو نقصان پہنچا، جبکہ حکومت کی جانب سے متاثرہ افراد میں امدادی سامان اور خوراک تقسیم کی جا رہی ہے۔اسی طرح شملہ میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے، جس سے آمدورفت کے راستے متاثر ہوئے ہیں۔حکام کے مطابق آسام میں گزشتہ ہفتے آنے والے سیلاب کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 36 تک پہنچ گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، بحالی اور متاثرین کی مدد کے لیے سرگرم عمل ہیں۔