برطانیہ میں گرمی سے سڑکیں متاثر

برطانیہ میں گرمی سے سڑکیں متاثر

Jul 1, 2026|ویب ڈیسک

 لندن( مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ میں حالیہ شدید گرمی کے دوران بعض سڑکوں کا مواد نرم ہونے اور پگھلنے کے واقعات سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ جنوبی ایشیا جیسے گرم علاقوں میں، جہاں درجۂ حرارت اکثر 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر جاتا ہے، سڑکیں اسی طرح کیوں متاثر نہیں ہوتیں۔ماہرین کے مطابق اس کی وجہ تعمیراتی معیار نہیں بلکہ مختلف علاقوں کے موسم کے مطابق استعمال ہونے والا تعمیراتی مواد ہے۔رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں سڑکیں زیادہ تر شدید سردی، برف باری اور بار بار جمنے پگھلنے کے موسم کو مدنظر رکھ کر بنائی جاتی ہیں، اسی لیے وہاں نسبتاً نرم تارکول استعمال کیا جاتا ہے تاکہ سرد موسم میں سڑکوں میں دراڑیں نہ پڑیں۔ تاہم 40 ڈگری یا اس سے زائد درجۂ حرارت میں یہی مواد نرم ہو کر بھاری ٹریفک کے دباؤ سے متاثر ہو سکتا ہے۔دوسری جانب ایشیائی ممالک میں سڑکوں کی تعمیر شدید گرمی، تیز دھوپ اور بھاری ٹریفک کو سامنے رکھتے ہوئے کی جاتی ہے، جہاں زیادہ سخت تارکول اور مضبوط تعمیراتی مواد استعمال کیا جاتا ہے تاکہ بلند درجۂ حرارت میں بھی سڑکیں اپنی مضبوطی برقرار رکھ سکیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپ اور ایشیا کی سڑکوں میں فرق معیار کا نہیں بلکہ مختلف موسمی حالات کے مطابق اختیار کی گئی تعمیراتی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔