ہنگو دہشتگرد حملہ، ڈی ایس پی سمیت 11 پولیس اہلکار شہید
ہنگو( اباسین خبر) خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں دہشتگردوں کے حملے میں ڈی ایس پی سٹی دیار خان سمیت 11 پولیس اہلکار شہید جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں کئی دہشتگرد ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ کو پہلے کوارڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے بعد چیک پوسٹ کا محاصرہ کر لیا۔ چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔حملے کی اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی سٹی دیار خان کی قیادت میں ایلیٹ فورس، آر آر ایف اور البرق فورس کے اہلکار امداد کے لیے روانہ ہوئے، تاہم خزینہ بانڈہ پل کے قریب دہشتگردوں نے گھات لگا کر پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔پولیس اہلکاروں نے اچانک حملے کے باوجود بھرپور جوابی کارروائی کی اور دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران 12 سے 15 دہشتگرد ہلاک یا زخمی ہوئے، جنہیں ان کے ساتھی علاقے زرگیری کی جانب لے گئے۔حملے میں ڈی ایس پی دیار خان کے علاوہ دیگر پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے، جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دہشتگرد حملے میں پولیس کی کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔شہداء کی نماز جنازہ پولیس لائن ہنگو میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں پولیس و ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام، جوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔بعد ازاں شہداء کے جسد خاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں روانہ کر دیے گئے، جہاں انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔ہنگو پولیس نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔شہداء میں ڈی ایس پی دیار خان، اے ایس آئی کفایت اللہ، اے ایس آئی قاصد علی، ہیڈ کانسٹیبل امتیاز، ایل ایچ سی ثناء اللہ، کانسٹیبل مدثر اور کانسٹیبل شعبان علی سمیت دیگر اہلکار شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں پولیس افسران اور متعدد اہلکار شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے بعض کو مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔