ہنگو حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج

ہنگو حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج

Jul 31, 2026|ویب ڈیسک

ہنگو( اباسین خبر) خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی کوہاٹ میں درج کر لیا گیا، جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت 16 مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آر ایس ایچ او سی ٹی ڈی کوہاٹ کی مدعیت میں درج کی گئی۔ مقدمے کے متن کے مطابق دہشت گردوں نے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر بھاری اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا، جبکہ کارروائی کے آغاز میں گورنمنٹ سکول خزینہ میں قائم پولیس پوسٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا، جس سے دو اہلکار زخمی ہوئے۔مقدمے کے مطابق ڈی ایس پی کی قیادت میں روانہ ہونے والی پولیس نفری کو بھی راستے میں ڈرون حملوں اور شدید فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں سرکاری گاڑیوں اور بکتر بند گاڑی کو نقصان پہنچا۔ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور پولیس کا اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جبکہ مزید تحقیقات سی ٹی ڈی کوہاٹ نے شروع کر دی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق اس حملے میں مجموعی طور پر 11 پولیس اہلکار شہید جبکہ 28 زخمی ہوئے تھے۔