پشاور: دستی بم دھماکہ، ایک بچی جاں بحق، دو بچے زخمی
پشاور( اباسین خبر) خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے فقیر آباد، سعید آباد میں سڑک کنارے دستی بم دھماکے کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ دو بچے زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچے علاقے میں کھیل رہے تھے۔ دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ایس پی کے مطابق جائے وقوعہ سے دستی بم کا کلپ بھی ملا ہے، جس سے ابتدائی طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ بچے ممکنہ طور پر دستی بم کے ساتھ کھیل رہے تھے۔ زخمی بچوں اور جاں بحق بچی کی لاش کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر دھماکے کی تصدیق ہینڈ گرنیڈ سے ہونے کے طور پر کی۔پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی معلومات کے مطابق ایک شخص اجمل، جو مبینہ طور پر کباڑ کا کاروبار کرتا ہے، سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔