آبنائے ہرمز سے 48 جہاز بحفاظت گزر گئے
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باوجود آبنائے ہرمز سے 48 جہاز بحفاظت گزر گئے۔قطری ٹی وی کے اعداد و شمار کے مطابق 26 جون سے 28 جون کے دوران گزرنے والے جہازوں میں 28 تیل اور گیس کے ٹینکرز جبکہ 7 بلک کیریئر بھی شامل تھے۔قطری ٹی وی کے مطابق یہ تعداد حالیہ حملوں سے پہلے گزرنے والے بحری ٹریفک کے مقابلے میں کم رہی، کیونکہ بدھ کے روز جہازوں کی تعداد 70 تک پہنچ گئی تھی۔دوسری جانب امریکی نیوز ویب سائٹ Axios کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران ایک دوسرے کے خلاف حملے روکنے اور آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع کے حل کے لیے منگل کو دوحہ میں مذاکرات پر آمادہ ہو گئے ہیں۔اس سے قبل ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے کہا تھا کہ حالیہ امریکی حملوں اور مفاہمتی یادداشت کی شرائط کی مبینہ خلاف ورزی کے باعث ایران نے اتوار کو ہونے والے تکنیکی مذاکرات میں شرکت نہیں کی تھی۔رپورٹ کے مطابق ایک سینئر امریکی عہدیدار نے بتایا کہ امریکا اور ایران نے باہمی طور پر فوجی کارروائیاں روکنے پر اتفاق کیا ہے۔عہدیدار کے مطابق دونوں ممالک نے ہر قسم کی عسکری کارروائیاں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔