سابق افغان رکن پارلیمنٹ کا طالبان حکومت کے خاتمے کا دعویٰ
کابل( مانیٹرنگ ڈیسک)سابق افغان رکن پارلیمنٹ بکتاش سیاوش نے طالبان حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اس کے خاتمے کی پیش گوئی کی ہے۔افغانستان انٹرنیشنل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بکتاش سیاوش نے کہا کہ طالبان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور وہ مذہب کو غلط انداز میں پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ طالبان کا مقصد اسلام کو خواتین، جدید تعلیم، فنون اور انسانی حقوق کے خلاف ایک سخت نظام کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔سابق رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت ایک مخصوص مدت تک قائم رکھنے کے لیے بعض عناصر کے مفادات کا حصہ ہے، تاہم جب یہ مقاصد مکمل ہو جائیں گے تو یہ نظام بھی ختم ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ افغان معاشرے میں طالبان کی پالیسیوں کے خلاف مزاحمت بڑھ رہی ہے، جبکہ عالمی مبصرین کے مطابق افغانستان میں جاری صورتحال اور مختلف مزاحمتی سرگرمیاں ملک کے مستقبل کے حوالے سے اہم سوالات اٹھا رہی ہیں۔