افغانستان میں طالبان حکومت کو نیا چیلنج، سابق جنرل سمیع سادات نے مسلح مزاحمت کا اعلان کردیا
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ ایک سابق افغان فوجی جنرل نے منظرعام پر آکر طالبان حکومت کے خلاف کارروائیوں کا اعلان کیا ہے۔سابق افغان فوجی کمانڈر اور افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کے سربراہ جنرل سمیع سادات نے قندھار سے طالبان کے خلاف فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا۔صحافی عبداللہ جان صابر نے جنرل سمیع سادات کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تعلیم پر پابندیوں، عوامی مسائل اور مبینہ سخت پالیسیوں کے باعث افغان عوام میں طالبان حکومت کے حوالے سے بے چینی بڑھ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ طالبان کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کا موقع ملا، تاہم ان کی بعض پالیسیوں، دہشت گرد گروہوں سے تعلقات کے الزامات اور داخلی معاملات کے باعث انہیں اندرون و بیرون ملک چیلنجز کا سامنا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق طالبان مخالف مختلف مزاحمتی گروہوں کے درمیان ممکنہ اتحاد افغانستان کی موجودہ حکومت کے لیے ایک بڑا امتحان بن سکتا ہے۔