آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر کے قریب دھماکے، تحقیقات شروع

آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر کے قریب دھماکے، تحقیقات شروع

Aug 6, 2026|ویب ڈیسک

عمان( مانیٹرنگ ڈیسک)عمان کے ساحل کے قریب آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک آئل ٹینکر نے دو دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے، جس کے بعد برطانوی بحری سکیورٹی ادارے نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔برطانوی ادارے یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق آئل ٹینکر کے کپتان نے عمان کے علاقے کمزار سے تقریباً 10 میل جنوب مشرق میں دو دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی۔ادارے نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق جہاز اور عملہ محفوظ ہے جبکہ کسی جانی نقصان یا ماحولیاتی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔حکام واقعے کی نوعیت اور دھماکوں کی وجوہات کا تعین کر رہے ہیں، تاہم ابھی تک دھماکوں کے مقام یا سبب سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران اور عمان آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور انتظامی امور سے متعلق مذاکرات کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ آبی گزرگاہ عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم ہے، جہاں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے اثرات عالمی منڈیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔