یورپی یونین کا اسرائیل سے ای ون آبادکاری منصوبہ روکنے کا مطالبہ

یورپی یونین کا اسرائیل سے ای ون آبادکاری منصوبہ روکنے کا مطالبہ

Aug 24, 2026|ویب ڈیسک

برسلز( مانیٹرنگ ڈیسک) یورپی یونین نے مغربی کنارے میں اسرائیل کے ای ون آبادکاری منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت سے منصوبے کا تعمیراتی ٹینڈر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے نے کہا ہے کہ ای ون سمیت مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاریاں عالمی قانون کے تحت غیرقانونی ہیں، اس لیے اسرائیل منصوبے کا ٹینڈر واپس لے۔یورپی یونین کے مطابق ای ون منصوبے کے تحت مجوزہ تعمیرات مغربی کنارے کو دو حصوں میں تقسیم کردیں گی اور مشرقی یروشلم کو الگ تھلگ کردیں گی، جس سے دو ریاستی حل کے امکانات مزید کم ہوجائیں گے۔یورپی یونین نے آبادکاروں کے تشدد میں ملوث بعض افراد کے خلاف اسرائیلی استغاثہ کی جانب سے مقدمات قائم کیے جانے کا بھی خیرمقدم کیا۔یورپی یونین نے اسرائیل پر زور دیا کہ ای ون منصوبے سمیت یہودی آبادکاری کی تمام توسیعی سرگرمیاں روکی جائیں اور آبادکاروں کے تشدد میں ملوث افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔واضح رہے کہ عالمی مخالفت کے باوجود اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس میں ای ون آبادکاری منصوبے پر کام شروع کردیا ہے، جبکہ برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈز، ناروے اور کینیڈا نے تعمیراتی ٹینڈرز کے اجرا کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔