اردوان، محمود عباس ملاقات، مکہ دفاعی معاہدے پر تبادلہ خیال
انقرہ( مانیٹرنگ ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان اور فلسطینی صدر محمود عباس کے درمیان انقرہ میں ملاقات ہوئی، جس میں مکہ دفاعی معاہدے سمیت خطے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔محمود عباس نے فلسطینی عوام کی حمایت اور غزہ کے لیے انسانی و طبی امداد فراہم کرنے پر ترکیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔فلسطینی صدر نے مقبوضہ مشرقی یروشلم اور مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ فلسطینی ریاست کا اٹوٹ حصہ ہے اور اس کے بغیر آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ممکن نہیں۔اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ ہر عالمی فورم پر فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کے لیے پہلے ضروری حالات پیدا کرنا ہوں گے۔