خاران اور مستونگ میں کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک

خاران اور مستونگ میں کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک

Jun 27, 2026|ویب ڈیسک

راولپنڈی( اباسین خبر) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خاران اور مستونگ میں انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی دو مختلف کارروائیاں کی گئیں، جو ملک میں جاری انسداد دہشت گردی مہم کا حصہ تھیں، جن کے دوران مجموعی طور پر 8 دہشت گرد مارے گئے۔بیان کے مطابق 25 جون کو ضلع خاران میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔دوسری کارروائی 26 جون کو ضلع مستونگ میں ممکنہ خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خودکش حملہ آور سمیت 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بارودی مواد اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں، جبکہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کارروائیوں میں دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی خاران اور مستونگ میں ہونے والی کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فورسز نے بروقت اقدامات کے ذریعے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے۔