مصر کا پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب کے دفاعی معاہدے میں شمولیت کا عندیہ

مصر کا پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب کے دفاعی معاہدے میں شمولیت کا عندیہ

Aug 14, 2026|ویب ڈیسک

قاہرہ( مانیٹرنگ ڈیسک) مصر نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے میں شامل ہونے کے امکانات کا جائزہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے ترک ہم منصب ہاکان فیدان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ مصر علاقائی دفاعی معاہدے میں شمولیت کے امکانات اور اس کی تفصیلات کا جائزہ لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث علاقائی ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ مصر علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے جاری کوششوں کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔اس موقع پر ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا کہ مصر ترکیہ کا فطری شراکت دار ہے اور امید ہے کہ وہ جلد باضابطہ طور پر اس شراکت داری کا حصہ بن جائے گا۔ہاکان فیدان کے مطابق پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو زیادہ منظم اور دیرپا بنانا مقصد ہے تاکہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے مشترکہ اقدامات کو مؤثر بنایا جاسکے۔انہوں نے واضح کیا کہ تینوں ممالک نے خطے میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر مشترکہ دفاعی معاہدہ کیا ہے، جس کا مقصد کسی ملک کے خلاف اتحاد قائم کرنا نہیں بلکہ علاقائی امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانا ہے۔