ڈالر کی قیمت کو مصنوعی انداز میں قابو میں رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے:سہیل آفریدی
پشاور( اباسین خبر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ملک کی معاشی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو درپیش مسائل اور چیلنجز دیگر صوبوں کے مقابلے میں مختلف نوعیت کے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبائی حکومت نے مالی سال کے دوران 129 ارب روپے ریونیو جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم خیبرپختونخوا نے 150 ارب روپے سے زائد آمدن حاصل کی اور اس دوران کوئی نیا ٹیکس بھی نافذ نہیں کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت اپنے مقررہ ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی، جبکہ خیبرپختونخوا غیر ضروری اخراجات سے گریز کرتے ہوئے مالی نظم و ضبط برقرار رکھے ہوئے ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کی رفتار متاثر ہوئی ہے، زرعی شعبے کی شرح نمو منفی ہو چکی ہے، جبکہ کسان اور صنعت کار مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قومی قرضہ 42 ہزار ارب روپے سے بڑھ کر 97 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈالر کی قیمت کو مصنوعی انداز میں قابو میں رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک کو سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔