ڈی آئی خان پولیس لائن میں دھماکا، بم ڈسپوزل اہلکار زخمی
Jul 30, 2026|ویب ڈیسک
ڈی آئی خان ( اباسین خبر) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی پولیس لائن میں زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج عنایت اللہ ٹائیگر زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق دھماکا پولیس لائن کے مال خانے میں رکھے بارودی مواد کے اچانک پھٹنے کے باعث پیش آیا۔واقعے کے بعد زخمی اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرکے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔پولیس نے دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی اضافی ٹیمیں بھی موقع پر طلب کر لی گئی ہیں۔حکام نے متاثرہ مقام کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ دھماکے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔پولیس کے مطابق واقعے کی نوعیت اور وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔