ڈیموکریٹک سینیٹر کی ٹرمپ پر شدید تنقید، وائٹ ہاؤس کا ردعمل
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)ڈیموکریٹک سینیٹر جان اوسوف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بجائے وائٹ ہاؤس میں بال روم کی تعمیر اور اپنی معاون خصوصی کے ساتھ سفر میں دلچسپی رکھتے ہیں۔جان اوسوف نے کہا کہ صدر ٹرمپ اپنے فرائض انجام دینے کے بجائے وائٹ ہاؤس میں بال روم بنانے میں مصروف ہیں، جبکہ وہ اپنی معاون نیٹالی ہارپ کے ساتھ خصوصی طیارے میں سفر کرنا چاہتے ہیں۔وائٹ ہاؤس نے سینیٹر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اسے جنسی امتیاز اور بدگمانی پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔نیٹالی ہارپ کون ہیں؟نیٹالی ہارپ صدر ٹرمپ کی ایگزیکٹو اسسٹنٹ ہیں اور ان کی ذمہ داریوں میں صدر کے روزمرہ امور، رابطہ کاری اور مواصلاتی معاملات کا انتظام شامل ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق نیٹالی ہارپ نے مبینہ طور پر 2023 میں ٹرمپ کو متعدد تعریفی اور ذاتی خطوط لکھے تھے۔ ایک خط میں انہوں نے ٹرمپ کو اپنی زندگی کا سب کچھ قرار دیا تھا۔رپورٹس کے مطابق ٹرمپ سوشل میڈیا پر اپنی متعدد پوسٹس نیٹالی ہارپ کو زبانی بتا کر لکھواتے ہیں، جس کے باعث وائٹ ہاؤس میں ان کا اثر و رسوخ بڑھا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کے ترکیہ سے ایئر فورس ون کے بجائے ایک چھوٹے طیارے میں روانہ ہونے کے موقع پر بھی نیٹالی ہارپ ان کے ہمراہ تھیں۔