دالوڑی کلاؤڈ برسٹ کو ایک سال گزر گیا، بحالی کے وعدے ادھورے
پشاور( اباسین خبر) صوابی کی تحصیل گدون کے علاقے دالوڑی میں تباہ کن کلاؤڈ برسٹ کو ایک سال مکمل ہوگیا، تاہم متاثرہ خاندان آج بھی گھروں اور بنیادی ڈھانچے کی مکمل بحالی کے منتظر ہیں۔کلاؤڈ برسٹ کے بعد حکومت نے متاثرہ خاندانوں کو فوری نقد مالی امداد فراہم کی تھی، لیکن متاثرین کا کہنا ہے کہ گھروں کی تعمیرِ نو، سڑکوں کی مرمت اور بجلی کے نظام کی بحالی سے متعلق کیے گئے وعدے تاحال پورے نہیں ہوسکے۔متاثرین کے مطابق ایک سال گزرنے کے باوجود کئی گھر بدستور تباہ حال ہیں، جبکہ علاقے میں بجلی کا نظام متاثر اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔متاثرین کا کہنا ہے کہ دالوڑی سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے حلقے میں واقع ہونے کے باوجود علاقے کی مستقل بحالی کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔ایک متاثرہ شہری نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اس وقت نقد امداد تو فراہم کی گئی تھی، لیکن ایک سال گزرنے کے باوجود ان کا گھر تباہ حال ہے۔ ایک اور متاثرہ شخص کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کے بعد بحالی کے جو وعدے کیے گئے تھے، ان پر مکمل عملدرآمد نہیں ہوسکا اور بجلی و تعمیراتی کام تاحال ادھورے ہیں۔متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ محض عارضی مالی امداد کے بجائے دالوڑی میں مستقل بنیادوں پر بحالی کے منصوبے مکمل کیے جائیں تاکہ متاثرہ خاندان دوبارہ اپنے گھروں میں آباد ہوسکیں۔ایک سال بعد بھی دالوڑی کے متاثرین حکومتی وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں اور سوال کر رہے ہیں کہ ان کے گھر اور بنیادی ڈھانچہ مکمل طور پر کب بحال ہوگا۔