دالبندین میں اسپورٹس اسٹیڈیم دھماکے سے تباہ، جانی نقصان نہیں ہوا
دالبندین( اباسین خبر) ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین کے نواحی علاقے چارسر میں نامعلوم افراد نے رات کے وقت چارسر اسپورٹس اسٹیڈیم کو بارودی مواد سے نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں اسٹیڈیم کا بڑا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔مقامی ذرائع کے مطابق دھماکا انتہائی شدید تھا جس کی آواز دور تک سنائی دی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے بعد مقامی افراد اور عینی شاہدین جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جہاں اسٹیڈیم کی عمارت اور دیگر تنصیبات ملبے میں تبدیل ہوچکی تھیں۔خوش قسمتی سے دھماکا رات کے وقت ہوا اور اس وقت اسٹیڈیم میں کوئی موجود نہیں تھا، جس کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔