جنوبی وزیرستان کی تحصیل سرویکئی میں آج کرفیو نافذ

جنوبی وزیرستان کی تحصیل سرویکئی میں آج کرفیو نافذ

Jul 27, 2026|ویب ڈیسک

وانا (اباسین خبر) جنوبی وزیرستان کی تحصیل سرویکئی میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر آج صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے اس حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے دوران ہر قسم کی نقل و حرکت پر پابندی عائد رہے گی، جبکہ تمام بازار، مارکیٹس اور کاروباری مراکز بند رہیں گے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مولا خان سرائے، نیو رغزئی تا چگملائی، اور مولا خان سرائے تا بروند جانے والے تمام راستوں پر ہر قسم کی ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر معطل رہے گی۔انتظامیہ کے مطابق صرف ہنگامی حالات میں سکیورٹی فورسز یا پولیس کی اجازت سے سفر کی اجازت دی جائے گی۔ ایسے افراد کے لیے قومی شناختی کارڈ اور گاڑی کے مکمل کاغذات ہمراہ رکھنا لازمی ہوگا تاکہ ضرورت پڑنے پر متعلقہ حکام کو پیش کیے جا سکیں۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب پہنچنے پر اپنی گاڑی تقریباً 50 میٹر پہلے روکیں، تمام مسافر گاڑی سے اتر جائیں اور چیکنگ کے دوران سکیورٹی اہلکاروں سے مکمل تعاون کریں۔ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔