بلوچستان میں سرحد پار ڈرون پروازیں، پاکستان نے 4 ڈرون مار گرائے: آئی ایس پی آر

بلوچستان میں سرحد پار ڈرون پروازیں، پاکستان نے 4 ڈرون مار گرائے: آئی ایس پی آر

Jul 1, 2026|ویب ڈیسک

راولپنڈی( اباسین خبر)آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان حکومت کی جانب سے بلوچستان میں سرحد پار ڈرون پروازیں کی گئیں، جس پر پاکستان نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے چاروں ڈرونز کو مار گرایا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا ہے اور مسلح افواج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر چوکس ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان کے یہ اقدامات افغان عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں، جبکہ انہیں مناسب جواب دیا جائے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان رجیم کو دہشت گردوں کی سرپرستی ختم کرنی چاہیے اور پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کا غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل افغان عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے، تاہم اگر پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری رکھا گیا تو ایسا مؤثر جواب دیا جائے گا جس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔پاک فوج کے مطابق سرحد پار کسی بھی جارحیت کا جواب آپریشن غضبُ الحق کے تحت فوری، فیصلہ کن اور بھرپور انداز میں دیا جاتا رہے گا، جبکہ مسلح افواج وطنِ عزیز کے ایک ایک انچ کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔