شمالی وزیرستان اسپن وام گیس فیلڈ سے تجارتی فروخت کا آغاز
پشاور( اباسین خبر)خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں اسپن وام سے دریافت ہونے والی قدرتی گیس کی تجارتی فروخت کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ماری انرجیز لمیٹڈ نے گیس کی فروخت کے لیے شفاف بولی کا عمل مکمل ہونے کے بعد کامیاب بولی دہندہ کو باضابطہ لیٹر آف ایوارڈ جاری کر دیا ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ اعلامیے میں ماری انرجیز نے بتایا کہ اسپن وام گیس فیلڈ سے حاصل ہونے والی گیس کی فروخت کے لیے 15 مئی 2026 کو ٹینڈر جاری کیا گیا تھا۔اعلامیے کے مطابق مسابقتی بولی کے عمل کے بعد یونیورسل گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی کو گیس خریدنے کا حق دے دیا گیا ہے اور اسے لیٹر آف ایوارڈ جاری کر دیا گیا ہے۔ماری انرجیز کے مطابق اسپن وام گیس فیلڈ سے روزانہ 17.5 ملین مکعب فٹ قدرتی گیس فروخت کی جائے گی۔کمپنی نے واضح کیا کہ گیس کی فروخت اور ترسیل حکومت پاکستان کے 7 جنوری 2025 کو جاری کردہ تیسرے فریق کو گیس فروخت کرنے کے فریم ورک کے تحت مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔