دیر بالا میں ہیضے کی وبا، 3 ہزار سے زائد افراد متاثر
دیر بالا( اباسین خبر) خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا کے مختلف علاقوں میں ہیضے کی وبا پھیل گئی، جس کے باعث ہزاروں افراد متاثر ہو رہے ہیں۔علاقوں عشیرئی درہ، شرینگل، براول اور دیر خاص میں بیماری کے پھیلاؤ کی اطلاع ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیر بالا کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر صاحبزادہ امتیاز کے مطابق اب تک 3 ہزار سے زائد افراد ہیضے کا شکار ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک ہی روز میں 600 مریضوں کو ہسپتال لایا گیا، جبکہ تشویشناک حالت والے بعض مریضوں کو دیگر طبی مراکز منتقل کیا جا رہا ہے۔ مریضوں کی تعداد میں اضافے کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیر بالا بھر چکا ہے۔دوسری جانب محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی ٹیمیں وبا پر قابو پانے کے لیے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں۔ پبلک ہیلتھ ٹیمیں پانی کے معیار کی جانچ اور صاف پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، صاف پانی استعمال کرنے اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔