چین میں سمندری طوفان، 10 لاکھ سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل

چین میں سمندری طوفان، 10 لاکھ سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل

Aug 10, 2026|ویب ڈیسک

بیجنگ( مانیٹرنگ ڈیسک) مشرقی چین میں سمندری طوفان ڈولفن کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد حکام نے 10 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔چینی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان صوبہ ژے جیانگ کے شہر یوہوان سے ٹکرایا، جہاں اس کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔ تقریباً ایک گھنٹے بعد طوفان نے وینژو کے قریب دوبارہ ساحل کو متاثر کیا۔طوفان کے باعث مشرقی چین میں آمدورفت کا نظام بری طرح متاثر ہوا، جبکہ صرف شنگھائی میں 1400 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ حکام نے طوفان کے پیش نظر جاری شدید ترین سرخ انتباہ کی سطح بعد ازاں کم کردی۔طوفان اب چین کے وسطی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے، تاہم بدھ تک موسلا دھار بارش، سیلاب اور پہاڑی تودے گرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شنگھائی سمیت ژے جیانگ، جیانگ سو، آنہوئی، ہوبے، ہینان اور شان ڈونگ میں شدید بارشوں کی پیش گوئی ہے۔حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے متعدد سیاحتی مقامات بند کردیئے ہیں، جن میں ڈزنی لینڈ اور لیگولینڈ کے بعض حصے بھی شامل ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ژے جیانگ کے بعض علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران 250 سے 500 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔ ہانگژو میں محفوظ مقامات کی طرف جانے والے شہریوں کے لیے سرکاری پارکنگ فیس بھی معاف کردی گئی ہے۔