ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنیوالے عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی:میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کو دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے منسلک 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ان کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں مبینہ سہولت کاروں کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں، جو دہشت گرد تنظیم کے عزائم کی عکاسی کرتے ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں تباہ کی گئیں، جبکہ ان کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جسے سیکیورٹی فورسز کی مؤثر انٹیلیجنس اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد مستونگ اور گردونواح میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز مزید تیز کر دیے گئے ہیں، جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ عنصر کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں رہے گی، اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔میر سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ حکومت بلوچستان وفاقی حکومت اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔