پشاور سے 4 اضلاع کیلئے بین الاضلاعی بی آر ٹی سروس کا منصوبہ
پشاور( اباسین خبر) خیبر پختونخوا کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے پشاور کو دیگر اضلاع سے موٹر وے کے ذریعے بی آر ٹی طرز کی جدید بین الاضلاعی بس سروس سے منسلک کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا۔حکام کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت پشاور کو نوشہرہ، مردان، صوابی اور چارسدہ سے جدید بس سروس کے ذریعے ملایا جائے گا۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے منصوبے کی فیزیبلٹی اسٹڈی جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں مجوزہ روٹس، منصوبے کی لاگت اور بی آر ٹی اسٹیشنز کے قیام کے مقامات کا تعین کیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ موٹر وے پر بی آر ٹی طرز کی بسیں چلانا جی ٹی روڈ کے مقابلے میں نسبتاً آسان ہوگا، جبکہ مجوزہ سروس سے پشاور اور ملحقہ اضلاع کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو بہتر سفری سہولت میسر آنے کی توقع ہے۔فیزیبلٹی اسٹڈی مکمل ہونے کے بعد منصوبے کی لاگت، روٹس، اسٹیشنز اور دیگر تکنیکی تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے گی۔حکام کے مطابق منصوبے کا مقصد پشاور اور دیگر اضلاع کے درمیان جدید، مؤثر اور بہتر عوامی ٹرانسپورٹ کا رابطہ قائم کرنا ہے۔