برطانوی وزیراعظم کیف پہنچیں گے، روس نے لندن سے سفیر واپس بلا لیا

برطانوی وزیراعظم کیف پہنچیں گے، روس نے لندن سے سفیر واپس بلا لیا

Aug 24, 2026|ویب ڈیسک

لندن، ماسکو( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں کیف جائیں گے، جس پر احتجاجاً روس نے لندن سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔اینڈی برنہم یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے اور فرانس و برطانیہ کی جانب سے قائم کیے گئے رضامندی اتحاد کے پہلے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ یوکرین کی آزادی کی 35ویں سالگرہ پر اس کے عوام کو یقین ہونا چاہیے کہ برطانیہ آج بھی اور ضرورت کے مطابق آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ روس کو بھی برطانیہ کے عزم پر کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے اور منصفانہ و پائیدار امن کے قیام تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔دوسری جانب یوکرین جنگ میں برطانیہ کی حمایت کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ روس نے لندن میں اپنے سفیر آندرے کیلِن کی سفارتی ذمہ داریاں ختم کردی ہیں۔روسی سفارتخانے کے مطابق آندرے کیلِن اب برطانیہ میں سفیر نہیں رہے۔ روس نے دونوں ممالک کے تعلقات کو تاریخ کی کم ترین سطح قرار دیتے ہوئے اس کا ذمہ دار لندن کو ٹھہرایا، تاہم واضح کیا کہ سفیر کی واپسی کا مطلب سفارتی تعلقات کا خاتمہ نہیں۔برطانوی دفتر خارجہ نے روسی سفیر کی واپسی کو ماسکو کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ روسی حکومت سے اپنے سفیر اور سفارتخانے کے ذریعے رابطے جاری رکھے گا۔