برطانوی اخبار نے پاکستان کو منفرد سیاحتی مقامات میں شامل کرلیا

برطانوی اخبار نے پاکستان کو منفرد سیاحتی مقامات میں شامل کرلیا

Aug 18, 2026|ویب ڈیسک

لندن( مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے پاکستان کو دنیا کے ان منفرد سیاحتی مقامات میں شامل کیا ہے جہاں بلند و بالا برف پوش پہاڑ، خوبصورت وادیاں، قدیم تہذیبیں، تاریخی ورثہ اور مہم جوئی کے مواقع سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔اخبار میں شائع ہونے والے خصوصی ٹریول فیچر میں معروف مصنفین بینیڈکٹ ایلن اور سارہ مارشل نے پاکستان کے قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے سیاحوں کو یہاں کا سفر کرنے کی ترغیب دی ہے۔رپورٹ میں بالخصوص شمالی پاکستان کے دلکش علاقوں کا ذکر کیا گیا ہے، جہاں قراقرم کے کئی برف پوش پہاڑی سلسلے 25 ہزار فٹ سے زائد بلندی رکھتے ہیں۔ مضمون میں وادی ہنزہ، بلند گلیشیئرز، جنگلی پھولوں سے سجے میدانوں اور شاہراہِ قراقرم کو نمایاں کیا گیا ہے۔دی ٹیلی گراف نے شاہراہِ قراقرم کو انجینئرنگ کا شاندار نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کو چین سے ملاتی ہے اور قراقرم، ہمالیہ اور ہندوکش کے عظیم پہاڑی سلسلوں سے گزرتی ہے۔ٹریول فیچر میں دور دراز پہاڑی علاقوں کے لوگوں کی سادگی، گرمجوشی اور مہمان نوازی کو بھی سراہا گیا ہے۔ مصنفین کے مطابق پاکستان آنے والے سیاح قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کی زندگی، روایات اور ثقافت کو بھی قریب سے دیکھ سکتے ہیں۔رپورٹ میں پاکستان کے تاریخی اور تہذیبی ورثے کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے، جس میں قدیم شاہراہِ ریشم، لاہور کی 17ویں صدی کی بادشاہی مسجد اور ہزاروں سال پرانی وادیٔ سندھ کی تہذیب کا ذکر شامل ہے۔برطانوی اخبار کی جانب سے پاکستان کو اس خصوصی سیاحتی فہرست میں شامل کیے جانے کو ملک کے قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور سیاحتی صلاحیت کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔فہرست میں پاکستان کے علاوہ ترکمانستان، گیبون، انگولا، تیمور لیستے، نکاراگوا، گیانا، آرمینیا، جمہوریہ کانگو، ویسٹ پاپوا اور انڈونیشیا کے پاپوا خطے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ دی ٹیلی گراف اس سے قبل 2024ء میں بھی اپنی سیاحتی رپورٹ میں پاکستان کو شامل کرچکا ہے۔