محسن نقوی کا بیان وفاقی ناکامی کا اعتراف: بیرسٹر سیف
پشاور( اباسین خبر) سابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سسٹم فیل ہونے سے متعلق بیان وفاقی حکومت کی ناکامی کا واضح اعتراف ہے۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ محسن نقوی کے ریمارکس دراصل وفاقی حکومت کی کارکردگی پر ایک مکمل چارج شیٹ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نوجوانوں کی محرومیوں کا بروقت ازالہ نہ کیا گیا تو سڑکوں پر ہونے والا احتجاج پارلیمنٹ اور عدالتوں کے متبادل کے طور پر سامنے آ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے غم و غصے کو کم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ اگر نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی اصلاحات سے نظام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے تو ان پر بلا تاخیر عمل ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق گورننس میں بہتری ہی عوام کا نظام پر اعتماد بحال کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔