بلوچستان کے مسائل کا حل تشدد نہیں، آئینی و سیاسی ذرائع ہیں: انوارالحق کاکڑ

بلوچستان کے مسائل کا حل تشدد نہیں، آئینی و سیاسی ذرائع ہیں: انوارالحق کاکڑ

Aug 11, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( اباسین خبر) سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کا حل علیحدگی پسندی یا تشدد میں نہیں بلکہ آئینی، سیاسی، انتظامی اور ترقیاتی ذرائع کے مؤثر استعمال میں ہے۔آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 کے تحت سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے 21 مختلف اسٹیشنز سے 6 ہزار 150 سے زائد طلبہ و طالبات سے خصوصی خطاب کیا، جس میں بلوچستان کی تاریخ، علیحدگی پسند بیانیے، دہشت گردی، انسانی حقوق، قومی سلامتی اور نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں علیحدگی پسند اور دہشت گرد تنظیموں کی سیاسی حکمت عملی کا بنیادی ذریعہ تشدد ہے، فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ اور ان کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس کے مسافروں، موسیٰ خیل میں شہریوں اور تربت میں مزدوروں کو نشانہ بنانا انسانی حقوق اور حقِ زندگی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔سینیٹر انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو انتہا پسند اور ریاست مخالف بیانیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ذہنی، علمی اور فکری طور پر تیار کرنا ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں زبان کی طاقت، دلیل، علم، ابلاغ اور ذہنی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانا ضروری ہے۔